میڈرڈ(جسارت نیوز)اسپین کے مشہور ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے ومبلڈن میں روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی کو غیرمنصفانہ قرار دے دیا۔ 21گرینڈ سلیم جیتنے والے اسٹار رافیل نڈال کا ماننا ہے کہ آل انگلینڈ کلب نے سخت ترین فیصلہ کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ پابندی ہٹانے کے لیے مداخلت کی جائے گی۔ومبلڈن میں شرکت سے روکنے کے فیصلے پر اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی جانب سے شدید تنقید کی گئی اور کھلاڑیوں رافیل نڈال، ان کے حریف نوواک نوکووچ نے بھی یوکرین پر روسی مداخلت کے بعد لگائی گئی پابندی پر تنقید کی۔خیال رہے کہ بیلاروس کو روس کا اتحادی تصور کیا جاتا ہے اور روس کے فوجیوں کو یوکرین میں مداخلت کے لیے ان کی سرحد استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی سے باصلاحیت نوجوانوں اہم مقابلے سے باہر ہوں گے، جن میں عالمی نمبر دو ڈینیل میڈویڈوف اور گزشتہ برس ومبلڈن کے سیمی فائنل تک رسائی کرنے والے بیلاروس کی آریانا سابیلینکا بھی شامل ہیں۔
