اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہوئی۔ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی تنزلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت کے آخری سال پریس فریڈم انڈیکس میں 12 پوائنٹس گر گیا جبکہ پورے دور حکومت میں18پوائنٹس گرا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادی صحافت کی درجہ بندی میں تنزلی پر نہ صرف عمران خان کو ’’آزادی صحافت کے شکاری‘‘ کا شرمناک خطاب ملا۔ شہباز شریف نے عزم کیا کہ ہم آزادی اظہار رائے اور صحافت کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امداد شروع کرے۔شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، ہر ممکن امداد کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کی شدید مذمت کی۔ مزید برآں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد ہ شہزادہ محمد بن سلمان ، یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد زید النہیان و دیگر غیرملکی شخصیات کو فون کرکے عیدالفطر کی مبارک باد دی۔
