کوئٹہ : امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچائی ہے حکومتی اقدامات ناکافی ،اعلانات ووعدوں سے آگے بڑھنے اور دیانت داری سے ریلیف ورک میں تیزی وبہتری لانے کی ضرورت ہے۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ الخدمت فاﺅنڈیشن کی پوری ٹیم تمام متاثرہ اضلاع میں مصروف ہیں مخیر حضرات سے تعاون کی درخواست ہے ہلاکتوں ونقصانات پر بہت زیادہ دکھ اور افسوس کرتے ہیں ۔ بلوچستان میں سینکڑوں ہلاکتیں ،ہزار وںمکانات تباہ اورمال مویشی کیساتھ ،کھڑی تیار فصلیں برباد ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سیلاب سے متاثر اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرے۔جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے رضا کار سیلاب متاثرین کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر حضرات دل کھول کر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں۔ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ۔ سبسٹڈی کے خاتمے کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور ریٹیلرز ٹیکس کے باعث بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیاہے جبکہ آئے والے مہینوں میں بنیادی نرخ مرحلے وار بڑھنے اور سیلز ٹیکس عائد ہونے سے بلوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے بجلی کے نرخوں میں خوفناک حد تک اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہوا ہے ۔عوام کو ظالم حکمرانوں کے خلاف باہر آنا ہوگا ۔
