اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیرخزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا کو وفاق سے تعاون نہ کرنے کی کال کرنے کے معاملے پر طلب کرلیا ہے۔
سابق وزیرخزانہ شوکت ترین اور وزیرخزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کے درمیان فون کال کے معاملے پرایف آئی سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ شوکت ترین کو 21 ستمبر صبع 10 بجے سائبر رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری 15 ستمبر کو ارشد محمود کی درخواست پر خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا سے فون کال کی بنیاد پر شروع کی گئی۔
ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ حاضر نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس دفاع میں کہنےکو کچھ نہیں ہے۔
خیال رہےکہ شوکت ترین نے تیمورجھگڑا کو کال کرکےکہا تھا کہ وفاقی حکومت کو خط لکھ کر بجٹ کی اضافی رقم واپس نہ کرنے کا کہہ دیں۔
شوکت ترین نے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا کہ جو سیلاب آیا ہے اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسا چاہیے۔
گزشتہ مہینے شوکت ترین اورتیمور جھگڑا اور پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کی فون پر کی گئی گفتگو منظر عام پر آئی تھی جس میں سابق وزیرخزانہ مختلف اقدامات کے ذریعے وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے بارے میں بات کررہے تھے۔
