ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش ٹیم نے 22 سال بعد پاکستان کے خلاف اسکی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی ہے جبکہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچز جیتے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز چائے کے وقفے سے قبل میچ کا فیصلہ ہوگیا۔ قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 11 وکٹیں حاصل کیں
دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 198 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا۔ فہیم اشرف 10 رنز بنا کر جو روٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، جو روٹ نے ٹیسٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کر لیں۔
محمد نواز 45 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد 17 رنز، زاہد محمود اور محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیک لیچ اور جو روٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کی دوسری اننگز میں شاندار 108 رنز بنانے پر ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا تھا۔
گزشتہ روز پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنائے تھے کہ اوپنر محمد رضوان تجربہ کار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کا نشانہ بن گئے، وہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

