ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن مغربی ممالک مذاکرات سے انکار کررہے ہیں۔
روسی صدر نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو تنقید کا نشان بناتے ہوئے کہا کہ زیلنسکی بھی اپنے مغربی اتحادی ممالک کی طرح مذاکرات کے لیے تیار نہیں، روس یوکرین جنگ میں شامل تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن ہمیں مثبت ردعمل دیکھنے کو نہیں ملا اس کے باوجود ہم جنگ کے خاتمے کے قابل قبول حل کے لیے تیار ہیں۔
امریکا کی جانب سے یوکرین کو جدید فضائی سسٹم پیٹریاٹ کی فراہمی کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ مجھے 100 فیصد یقین ہے کہ روسی افواج پینٹاگون کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیں گی۔
صدر پوٹن نے الزام عائد کیا کہ امریکا کی سربراہی میں مغربی ممالک روس کو دنیا میں تنہا کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے ملک اور شہریوں کے مفادات کے دفاع کے لیے ہماری سمت درست ہے۔

