ماسکو / کیف: روس نے یوکرین کے کئی شہروں پر ایک ساتھ کئی میزائل داغ دیے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حملوں میں 14 سالہ لڑکی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی حکام کی جانب سے حالیہ میزائل حملوں کو روس،یوکرین جنگ کے آغاز سے اب تک کیے گئے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے، جس میں دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں کو علیٰ الصبح نشانہ بنایا گیا۔
یوکرینی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ روسی فورسز نے 69 میزائل داغے تھے جن میں سے 54 میزائلوں کو ائرڈیفنس سسٹم نے فضا ہی میں تباہ کردیا تھا تاہم باقی میزائل کیف، خارکیف، اڈیسہ، لیو اور زیتومر میں گرے۔
یوکرینی صدر کے مشیر کے مطابق 120 میزائل اب تک یوکرین کی شہری آبادی پر داغے جا چکے ہیں۔ تازہ میزائل حملے سے بعض جگہوں پر ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جب کہ بجلی کا نظام پہلے ہی روسی میزائل حملوں کے باعث شدید متاثر ہے۔

