کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ 15 جنوری کو ہرحال میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں،ایم کیوایم کے تمام دھڑے مل جائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن ان کے بدلے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گوادر میں مظاہرین پر تشدد کیا گیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، محب وطن لوگوں پر اس طرح کا ناروا سلوک رکھنا کسی طرح بہتر نہیں، گرفتار لوگوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ سترہ سالوں میں دومرتبہ ایم کیو ایم کا میئر رہاہے اوراہم کیوایم کئی سالوں سے حکومت کا حصہ رہی ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو حقوق دلانے میں ناکام رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور انکے اتحادیوں کا مطلب صرف کرپشن ہے، 15 جنوری کو ہرحال میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن نے دو مرتبہ خطوط لکھے ہیں، الیکشن کمشن کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈر کو آگے آکر معاملات کو سلجھانا ہوگا، شہر میں امن اومان کی صورتحال خراب ہے، پولیس لوگوں کو گولیاں مار کر ہلاک کررہی ہے، شہر میں جرام کی شرح 30فیصد بڑھا ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت دشمن جماعت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ سردیوں میں شہریوں کو گیس نہیں مل رہی ہے، کیوں کراچی کے پانی کے منصوبہ مکمل نہیں ہوئے، کے الیکٹرک مافیا کو ایک مرتبہ پھر معاہدہ ہونے جارہا ہے۔
