لاہور:مرکزی رہنما جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ سودی نظام شیطانی نظام ہے اور پاکستان کے عوام ہی نہیں پوری انسانیت کے مسائل کی جڑ ہے، سودی نظام معیشت آئین پاکستان کی نفی ہے، ملک کے 99فیصد عوام غیرسودی نظام چاہتے ہیں۔
منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر من و عن عمل کرے اور سود سے پاک معیشت کا واضح روڈ میپ دے۔ نااہل حکمرانوں اور مفاد پرست ٹولہ کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام چند نوالوں کو ترس گئے، خورونوش کی اشیائے ان کی پہنچ سے دور ہو چکی۔
حافظ محمد ادریس نے کہا کہ گوادر میں اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں پر پولیس کریک ڈائون انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ گوادر کے غریب ماہی گیروں کا روزگار بند کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ماہی گیری کے پیشہ سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ گوادر کی عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں، حکومت تشدد کا راستہ اپنانے کی بجائے مظاہرین سے مذاکرات کرے۔
حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کے خلاف جہاد کرتی رہے گی، عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے ہمارا ساتھ دے۔

