کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں تماشائیوں کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا تاہم شائقین کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہوگا۔
قبل ازیں پی سی بی نے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ سمیت معذور افراد، اولڈ ہومز اور یتیم بچوں کو اسٹیڈیم لائے جانے کے لیے رابطے شروع کردیے ہیں، جس سے نیشنل اسٹیڈیم کو بھرا جاسکے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 جنوری سے کراچی میں شیڈول ہے جب کہ اسٹیڈیم تک شائقین کرکٹ کو پہنچانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جائے گی۔ اسٹیڈیم میں کوئی بھی شخص اسلحہ، کھلونا بندوقیں، خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، یا تیز دھار چیز لانا ممنوع ہے۔
اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیاء، شیشے کی، پلاسٹک کی بوتلیں، پاکستانی پرچم اور نیوزی لینڈ کے جھنڈے کے علاوہ کسی بھی جھنڈے کی اجازت نہیں ہوگی۔
