English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام سے بحرانی کیفیت میں مزید اضافہ ہوگا، سعد رضوی

نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ سے غریب عوام کو انصاف ملے گا، ٹی ایل پی

لاہور: امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ حکومت کے پاس ایسی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آرہی جو ملک کومعاشی بحران سے نکا لنے میں کارگر ثابت ہو۔ٹیکنوکریٹ حکومت کا قیام ملک میں جاری بحرانی کیفیت میںمزید اضافہ کردے گا۔

حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ اقتدار کی جنگ کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہاہے، پاکستان شریفوں اور زرداریوں کا نہیں 22 کروڑ عوام کا ملک ہے۔ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے سنگین خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے اور اپنے اپنے مفادات کے اسیر حکمران اشرافیہ طبقات معیشت کی اس خرابی کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر عوام کے دکھوں پر سیاست چمکا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ر وز مرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے آثار نظر نہیں آرہے، اقتدار کے حواری قبضہ گروپوں نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام نہیں رہا۔

سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے۔میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی بے چینی کی وجہ سے بیرون ملک میں مقیم پاکستانی بھی زرمبادلہ نہیں بھیج رہے۔

حافظ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کے پا س مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرکے ملک کو خوشحال کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے۔سیاسی مقاصد کے لئے ملک کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والے بھی اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ہر مشکل وقت میں غریب عوام نے قربانی دی ہے ،طاقتور اشرافیہ کو ہر مشکل وقت میں قربانی سے استثنیٰ حاصل رہا ہے۔مہنگائی کے جن کو قابو نہ کیا گیا تو بہت جلد عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے