کابل: افغانستان نے دعوی کیا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے داعش کے 8دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے کابل میں آپریشن کیا اور اس دوران 7دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ صوبہ نمروز میں بھی آپریشن کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ داعش کے دہشتگرد پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ اس ہوٹل پر بھی حملے میں ملوث تھے جہاں چینی شہری رہائش پذیر تھے، داعش نے مزید دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
واضح رہے کہ 2دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا جبکہ پاکستان نے اسے ناظم الامور عبیدالرحمان نظامی کے خلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا،پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری نے داعش نے قبول کی تھی۔

