پشاور: پختونخوا کے علاقے سنگو سربند میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور سیکورٹی اداروں کو خفیہ ذرائع سےاطلاع ملی کہ دہشت گردوں کا ایک گروہ علاقہ سنگو سربند کے حدود میں دہشت گردی کی بڑی کاروائی کیلیے موجود ہے۔
اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے اہلکار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مقام کی جانب روانہ ہوئے، مقام پر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے اہل کاروں پر فائرنگ کی اور اس دوران بھاگنے کی بھی کوشش کی۔
سی ٹی ڈی، سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق 3 دہشت گردوں کا تعلق باڑہ ضلع خیبر جب کہ ایک کا تعلق پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے تھا۔ آخری اطلاع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے میں فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کررہی ہے۔

