English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وفاقی حکومت الیکشن سے کتنا بھاگے گی، وقت ہے ہمارے ساتھ بیٹھے، فواد چودھری

Fawad Chaudhary

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت الیکشن ہونے چاہئیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب مزید 24 گھنٹے کا انتظار نہ کریں، اسمبلی کی تحلیل کا آرڈر جاری کریں تا کہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کا عمل شروع ہو سکے۔ پرویزالہیٰ حمزہ شہباز کو اپنے تین نام بھیجیں گے، امید کرتے ہیں حمزہ شہباز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ، کابینہ اراکین نے آج زمان پارک آنا تھا، موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے، فون پر ان سے بات ہو گئی ہے، انہوں نے ایڈوائس تیار کر لی ہے۔ تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، اگرالیکشن نہیں کرانا چاہتے تو پھر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں رہ جاتا، کراچی، حیدر آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔

کراچی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ درست ہے، اسلام آباد میں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے، رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا۔

ان  کا کہنا تھا کہ کل کراچی میں تاجروں نے اسٹیٹ بینک کے باہر احتجاج کیا، یہ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے، پاکستان کی معیشت کو اب بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، نالائق ٹولے نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کا ماضی ہے جب بھی اقتدارمیں آئے معیشت کو تباہ کر کے گئے، جب وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گا تو کیسے معاشی خوشحالی آسکتی ہے؟

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونےچاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے