ریاض: سعودی حکومت نے دیگر ممالک سے آنے والے عازمین حج و عمرہ کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کردیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حج و عمرہ کی جامع ہیلتھ انشورنس لاگت میں 63 فی صد تک بڑی کمی کردی گئی ہے۔ اس کا اعلان حج ایکسپو 2023 کے اختتام پر کیا گیا، جس کے مطابق
حج اور عمرہ کی وزارت نے انشورنس لاگت کو 235 سعودی ریال سے کم کر کے صرف 87 سعودی ریال کر دیا جو کہ 63 فیصد کمی بنتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ٹوئٹر پر بتایا گیا ہے کہ عازمین حج کے انشورنس پریمیم 109 ریال میں بھی 73 فیصد تک کمی کر کے 29 ریال کردی گئی ہے۔ غیر ملکی عازمین حج کی انشورنس کوریج کا دورانیہ 90 دنوں کے لیے ہے جو سعودی عرب میں داخل ہونے کے دن سے شروع ہوجاتا ہے اور ملکی حدود کے اندر ہی نافذ العمل ہوگا۔
انشورنس میں ہنگامی حالات جیسے حادثات کے نتیجے میں موت، مستقل معذوری، ٹریفک حادثے میں زخمی ہونا، مختلف بیماریوں کے لیے اسپتال میں داخل ہونا اور بچے کی پیدائش کے علاوہ حادثے میں انتقال کرجانے والوں کی لاشوں کو ان کے ملکوں تک پہنچانا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ اس بار کورونا وبا کے بعد پہلی بار دنیا بھر سے پوری تعداد میں حاجیوں کو فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت دی گئی ہے اور تمام دیگر کورونا پابندیاں بھی اُٹھالی گئی ہیں۔

