کراچی: نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی کےذمہ دار دانش عابدپر ناگن چورنگی شادمان ٹاؤن ماریہ فلیٹ کے قریب قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس کےنتیجے میں اُن کو پانچ گولیاں لگیں ہیں، فوری طبی امداد کے لیے انہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس واقعے کو ڈکیتی سے جوڑ رہی ہے تاہم عینی شاہدین اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نےواقعے کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے یوسی کے ناظم انتخاب دانش عابد کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ڈکیتی نہیں بلکہ ایک قاتلانہ حملہ ہے۔
دانش عابد جماعت اسلامی کی جانب سے یوسی کے ناظم انتخاب مقرر کیے گئے تھے، اطلاعات کے مطابق دانش عابد پر ملزمان نے پیچھے سے کندھے پر گولیاں ماریں ، طبی ذرائع کے مطابق انہیں 5گولیاں لگی ہیں تاہم اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
جماعت اسلامی کے ذمہ دار پر قاتلانہ حملے کی اطلاع ملتے ہی کارکنان کی بڑی تعداد نجی اسپتال پہنچی جہاں انہوں نے ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق خون کا عطیہ دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے عہدیداران نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی ، ٹارگٹ یا دشمنی ہے اس حوالے سے تمام پہلوؤں پر پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔

