یوکرین کے وزیر برائے انفراسٹرکچر اولیکسنڈر کبراکوف نے کہا ہے کہ اناج راہداری سمجھوتے کی میعاد میں 120 روزہ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کبراکوف نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں اناج راہداری سمجھوتے کی معیاد میں 120 روزہ اضافے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس سمجھوتے پر قائم رہنے کی وجہ سے ہم ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، وزیر دفاع حلوصی آقار اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس کے شکرگزار ہیں۔
کبراکوف نے کہا ہے کہ "مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں 25 ملین ٹن اناج عالمی منڈیوں تک پہنچایا گیا ہے”۔
دوسری طرف روس وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاہرووا نے جاری کردہ بیان میں بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتے میں 60 روزہ اضافے کا اعلان کیا ہے۔
زاہرووا نے روسی خبر رساں ایجنسیوں کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "روس نے سمجھوتے میں 60 روزہ اضافے کو قبول کیا ہے اور تمام فریقین کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ روس وزارت خارجہ نے بھی اور اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندوں نے بھی تمام فریقین کو محض زبانی کلامی ہی نہیں محّررہ نوٹ کے ذریعے بھی اس بات سے آگاہ کر دیا ہے”۔
واضح رہے کہ اناج راہداری سمجھوتہ 22 جولائی 2022 کو استنبول میں اور ترکیہ، یوکرین، روس اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پایا تھا۔
19 نومبر 2022 سے جاری سمجھوتے کی کل سے میعاد پوری ہونے کے بعد اس میں 120 روزہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔