امریکی صدر جو بائیڈن نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازعات کو کم کرنے کے لیے اسرائیل، فلسطینی، مصری، اردنی اور امریکی حکام کے درمیان شرم الشیخ، مصر میں ہونے والی ملاقات کا خیرمقدم کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتان یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
بیان کے مطابق، بائیڈن نے کہا ہے کہ فریقین کو فوری طور پر سیکیورٹی کوآرڈینیشن بڑھانے، تمام حملوں کی مذمت اور دو ریاستی حل کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔
بائیڈن نے نتان یاہو کو آگاہ کیا ہے کہ جمہوری اقدار امریکہ اسرائیل تعلقات کا ایک اہم عنصر ہیں اور یہ کہ جمہوری معاشرے حقیقی توازن اور کنٹرول سے مضبوط ہوتے ہیں اور یہ کہ بنیادی تبدیلیاں وسیع البنیاد عوامی حمایت کے ساتھ کی جانی چاہئیں۔
بائیڈن نے ان بنیادی اصولوں کے مطابق اسرائیل میں مجوزہ عدالتی اصلاحات پر اتفاق رائے تک پہنچنے کی کوششوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا ہے ۔
بائیڈن نے اسرائیل کی سلامتی اور ایران کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کی ٹیموں کے درمیان تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے ہفتوں میں باقاعدگی سے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔
مصر، فلسطین، اسرائیل، اردن اور امریکہ کے اعلیٰ سیاسی اور سیکورٹی حکام نے شرم الشیخ میں ملاقات کی ہے ۔
اسرائیل فلسطین کشیدگی کو کم کرنے کے لیے منعقدہ سیکورٹی سربراہی اجلاس میں فلسطینی علاقوں میں قیام امن کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
