امریکہ کی وسطی مغربی اور جنوبی ریاستوں میں بادی طوفانوں کے نتیجے میں اس وقت تک 18 افراد ہلاک اور کثیر تعداد میں زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکہ قومی محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران آرکنسس، مسی سیپی ، لووا، الینوئے اور وسکنسن سمیت 8 ریاستوں میں 57 سے زیادہ طوفانوں کی اطلاع ملی ہے۔
طوفانوں کی وجہ سے ٹنیسی میں 7، آرکنسس میں 5، انڈیانا میں 3، الینوئے ، مسی سیپی اور الاباما میں ایک ایک شخص سمیت کُل 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آرکنسس کی گورنر سارا ہکابی سینڈرس نے شدید طوفانوں کی وارننگ کے باعث علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے۔
ریاست الینوئے میں بھی طوفان کی وجہ سے ایک کانسرٹ ہال کی چھت بیٹھنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ کانسرٹ ہال میں تقریباً 260 افراد پناہ لئے ہوئے تھے۔
فائر بریگیڈ ٹیموں کے جاری کردہ بیان کے مطابق 28 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔