شمالی کوریا نے سینکڑوں مزدور روس بھیجے ہیں۔
آن لائن اخبار ‘ڈیلی این کے ‘ نے نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ایک شمالی کوریئن کے حوالے سے کہا ہے کہ ماسکو اور پیانگ یانگ انتظامیہ کے درمیان طے شدہ سمجھوتے کی رُو سے مارچ کے اختتام اور اپریل کے آغاز تک کے درمیانی عرصے میں سینکڑوں شمالی کوریئن مزدوروں کو ماسکو، سینٹ پیٹرز برگ اور ولادیووسک سمیت روس کے مختلف شہروں میں بھیجا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق تقریباً 350 مزدور سینٹ پیٹرز برگ اور ماسکو اور 100 کے قریب ولادیووسک بھیجے گئے ہیں۔ مزدوروں کے کام کے شعبوں سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں تاہم خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ شمالی کوریئن مزدور عسکری اور نجی شعبے کے تعمیراتی یا خدمات کے سیکٹروں میں کام کریں گے۔
اخبار کے مطابق روس حکومت کی منظوری سے یہ مزدور روس میں ورک پرمنٹ پر نہیں تعلیمی، ثقافتی و سیاحتی ویزے کے ساتھ داخل ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ 3 سال سے زائد عرصے سے روس میں موجود اور کام نہ کر سکنے کی حد تک بیمار شمالی کوریئن مزدوروں کو پیانگ یانگ انتظامیہ کے حکم سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔
