وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی دارالحکومت لندن میں کامن ویلتھ ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے شاہ چارلس سوئم اور برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے ملاقات بھی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کی شاہ چارلس سوئم کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس حوالے سے آگاہی کرائی ہے۔
شہباز شریف نے شاہ چارلس سوئم کو پاکستان کے عوام کی جانب سے ان کی تاجپوشی پر مبارکباد پیش کی۔
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے برطانوی شاہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جبکہ شاہ چارلس نے وزیراعظم سے گفتگو میں اپنے سابقہ دورہ پاکستان کے لمحات کو بیان کیا۔
بعدازاں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانوی کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی ایک نئے دور کا آغاز ہے، دولت مشترکہ تنظیم کی تقویت میں سب اپنا اپنا کردار ادا کریں، دولت مشترکہ کے ممالک کے مابین ہم آہنگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے پاکستانی نوجوانوں اور ہنر مندوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا بھی ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے، حکومت پسماندہ طبقے، اقلیتوں، معذور افراد اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لا رہی ہے۔
شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے بھی ملاقات کی اور برطانوی شاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی کی دو روزہ تقریبات کیلئے شاندار انتظامات پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔
