روس صدارتی پیلس کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ متعدد شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی وجہ سے ہم ترکیہ کے انتخابات پر دلچسپی کے ساتھ نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
پیسکوف نے دارالحکومت ماسکو میں اخباری نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں ترکیہ کے 14 مئی کے صدارتی و پارلیمانی انتخابات کا جائزہ لیا ہے۔
ترکیہ اور روس کے درمیان اقتصادیات سمیت متعدد شعبوں میں جامع تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ "اس وقت ہم ، سیاحت، تجارت، زراعت اور زمینی رسل و رسائل جیسے مختلف اور متعدد شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ دو طرفہ مفادات پر مبنی وسیع تعاون کی حالت میں ہیں”۔
پیسکوف نے کہا ہے کہ "مذکورہ تعاون نے ترک اور روسی عوام کے مفادات کے حوالے سے فروغ پایا ہے لہٰذا ہم ترکیہ سے انتخابات کے بارے میں ملنے والی خبروں پر نہایت توجہ سے نگاہ رکھے ہوئے ہیں”۔
انہوں نے کہا ہے کہ” ہم ترکیہ کے انتخابی نتائج کا بھی اور ترک عوام کے انتخاب کا بھی احترام کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم توقع رکھتے ہیں کہ صورتحال خواہ کچھ بھی ہو ہمارا باہمی تعاون نہ صرف جاری رہے گا بلکہ بتدریج فروغ بھی پاتا رہے گا”۔
دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ترکیہ ایک باشعور اور بالغ النظر جمہوریت کا مالک مضبوط اور خودمختار ملک ہے۔ یہی نہیں بلکہ شفاف اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ہر نوعیت کے غیر قانونی اقدامات کے سدّباب کی بھی صلاحیت رکھتا ہے”۔
