English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فوجی تنصیبات پرحملوں میں ملوث بلوائیوں کےمقدمات آرمی ایکٹ کےتحت چلائے جائیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

القمر

وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث بلوائیوں کے مقدمات آرمی ایکٹ کے تحت چلائے جائیں گے جبکہ دیگر کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا ہو گا۔

پیر کی  شام قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف انتقامی عزائم نہیں رکھتے لیکن شہداء اور ہیروز کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو تسلیم کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ آج انہوں نے انیس سال بعد کوئٹہ میں قومی کھیلوں کا افتتاح کیا ہے اور یہ خواب سکیورٹی فورسز کی کوششوں سے ہی شرمندہ تعبیر ہوا۔اُدھر قومی اسمبلی کو آج بتایاگیا کہ وزارت اطلاعات ونشریات قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی تمام ممکنہ کوششیں کررہی ہے اور ملک کے اندر اور باہر پاکستان کا مثبت، ترقی پسندانہ اور جمہوری تشخص اجاگر کررہی ہے۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ان واقعات سے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا۔ایوان نے مسلح افواج پر مکمل اعتماد یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔قرارداد میں کہا گیا کہ جرم کے لئے اکسانے والوں، منصوبہ بندی کرنے والوں، سہولت کاروں اور جلائو گھیرائو اور فوجی تنصیبات اور سرکاری ونجی املاک کی توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف ملک کے موجودہ قوانین کے مطابق مقدمات چلائے جانے چاہئیں۔ایوان نے تمام متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے اندر اور باہر سے مختلف لوگوں کی سرپرستی اور سہولت کاری میں ملکی اداروں کے خلاف شروع کئے گئے پروپیگنڈے سے نمٹنے کیلئے سوشل میڈیا کے قواعدوضوابط کو نافذ کریں۔ایوان نے مولاناعبدالاکبرچترالی کی طرف سے پیش کی گئی ایک اور قرار داد بھی منظور کی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملے کی مذمت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے