English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بات چیت کو فروغ دیا جائے گا:چین و امریکہ کا اتفاق

القمر

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ چین کے موقع پرہم منصب چن گانگ کے ہمراہ دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کے لیےبات چیت کو فروغ دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

چینی امور خارجہ کے مطابق، انٹونی بلنکن گزشتہ 5  سالوں میں چین کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ امریکی سفارت کار ہیں، انہوں نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے 7 گھنٹے تک بات چیت کی، اس دوران عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

دونوں فریقین نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے بھی امریکہ کا دورہ کرنے کی ہامی بھرلی ہے، دونوں وزرائے خارجہ دنیا کی 2 سب سے بڑی معاشی قوتوں کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گے جو کہ کورونا وبا کے بعد سے انتہائی کم ہوچکی ہیں۔

امریکی  امور خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس بات چیت کو واضح، ٹھوس اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا انٹونی بلنکن نے غلط فہمیوں اور بدگمانیوں کو کم کرنے کے لیے تمام مسائل میں سفارت کاری کی اہمیت اور رابطے کے کھلے ذرائع فعال رکھنے پر زور دیا۔

 دوسری جانب چن گانگ نے انٹونی بلنکن کو بتایا کہ امریکہ اور چین کے درمیان روابط سفارتی تعلق قائم ہونے کے بعد سے پست ترین سطح پر ہیں، یہ دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کے مطابق نہیں ہے اور نہ ہی یہ عالمی برادری کی مشترکہ توقعات پر پورا اترتے ہیں تاہم، انہوں نے تائیوان کے حوالے سے انٹونی بلنکن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے، یہ چین۔ امریکہ تعلقات کو درپیش سب سے اہم مسئلہ اور سب سے نمایاں خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ انٹونی بلنکن دورہ چین کے لیے گزشتہ روز بیجنگ پہنچے تھے، رواں سال فروری میں ایک مشتبہ چینی جاسوس غبارے کی امریکی فضائی حدود میں پرواز کے بعد یہ دورہ ملتوی کردیا گیا تھا، جنوری 2021 میں جو بائیڈن کا بطور امریکی صدر عہدہ سنبھالنے کے بعد انٹونی بلنکن چین کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ ترین امریکی سرکاری عہدیدار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے