English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ،حقوق انسانی کونسل نے قرارداد منطور کر لی

القمر

اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق میں  مذہبی منافرت کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد پر گزشتہ روز ہونے والی بحث کے بعد آج  ووٹنگ کے ذریعے قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

خبر کے مطابق قرارداد کے حق میں 28 ممالک نے ووٹ دیا، 12 نے مخالفت کی جبکہ سات ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔

اس قرارداد کی امریکہ اور یورپی یونین نے مخالفت کی، جن کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے بارے میں ان کے نقطہ نظر سے متصادم ہے۔

کونسل برائے انسانی حقوق کے ہنگامی اجلاس میں منگل کو سویڈن میں قرآن کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے پر بحث ہوئی تھی جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے مترادف قرار دیتے ہوئے جوابدہی کا مطالبہ کیا تھا۔

 قرارداد کے مسودے میں مذہبی منافرت کے تمام مظاہر کی مذمت کی گئی ہے اور ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

اس قرار داد میں ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ  مذہبی منافرت کی کارروائیوں اور حمایت سے نمٹنے، اسے روکنے اور ان پر مقدمہ چلانے کے لیے قوانین اپنائیں جو کہ امتیازی سلوک، دشمنی یا تشدد پر اکسانے کے مترادف ہیں۔‘

اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے کونسل برائے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک منگل کو ہوئی بحث کی روشنی میں ممالک کے قوانین میں خامیوں کی نشاندہی کریں۔

اظہار رائے کی آزادی کے بارے میں فکر مند 47 رکنی کونسل کے کچھ مغربی ممالک نے نظرثانی شدہ الفاظ کا مطالبہ کیا تھا۔

ترکیہ کونسل کا مبصر ملک ہے جسے اس رائے دہی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے مگر اس نے  قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے