صحرائے صحارا سے آنے والے اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس کے اثرات سے یورپ کے شہری بلبلا اٹھے۔
یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق سربیرس سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر دیکھنے میں آئی جس نے سیاحوں کو بےحال کردیا، گرمی سے پریشان سیاحوں نے تالابوں اورسایہ دار جگہوں کا رخ کرلیا۔
اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں کام کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا جب کہ اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اٹلی کے دو سب سے بڑے جزیروں سسلی اور سارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ۔
مزید برآں کرویشیا میں 39 اور فرانس میں 34 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں یہ لو 2 ہفتے تک رہ سکتی ہے۔
امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی، کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ میں بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد ورمونٹ میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ماہرین کا کہناہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم موسم شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔
