رواں سال کے پہلے نصف میں ترکیہ کی پھلیاں، دالیں، چنے، چاول اور روغنی بیجوں پر مشتمل زرعی اجناس کی برآمدات 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔
جنوب مشرقی اناطولیہ برآمداتی یونین کے اعداد و شمار کے مطابق ترکیہ کے چنے، دالوں اور روغنی بیجوں کے سیکٹر نے سال کے پہلے نصف میں 213 ممالک اور آزاد تجارتی علاقوں کو 50 لاکھ 45 ہزار 262 ٹن زرعی اجناس کی برآمدات سے 5 ارب 51 کروڑ 9 لاکھ 42 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا ہے۔
سیکٹر کے سال کے پہلے نصف کی برآمدات گذشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 2،1 فیصد زیادہ رہی ہیں۔
سیکٹر نے 20 کروڑ 50لاکھ 15 ہزار ڈالر کے ساتھ سب سے زیادہ برآمدات مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی ہیں۔ اس کے بعد 1 ارب 18 کروڑ 53 لاکھ 6 ہزار ڈالر کی برآمدات کے ساتھ برّاعظم افریقہ دوسرے اور 59 کروڑ 30 لاکھ 97 ہزار ڈالر کی برآمدات کے ساتھ بّراعظم امریکہ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔
ترکیہ کے روغنی بیجوں کے سیکٹر کی ملکی سطح پر سب سے زیادہ برآمدات کے حوالے سے 96 کروڑ 62 لاکھ 7 ہزار ڈالر برآمدات کے ساتھ عراق پہلے، 35 کروڑ 45 لاکھ 66 ہزار ڈالر کے ساتھ امریکہ دوسرے اور 23 کروڑ 75 لاکھ 62 ہزار ڈالر کے ساتھ شام تیسرے نمبر پر رہا ہے۔
