آج کے ترکیہ کےاہم اخبارات کی اہم خبروں کے ساتھ حاضر خدمت ہیں۔
***روزنامہ اسٹار ” ترکیہ کی کامیابی "
یونانی اخبار نے ایجیئن میں بحریہ کی موجودگی کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ کی دفاعی صنعت کی ترقی کے ساتھ ہی انہیں خود کو ترقی دینا ہے، اور کہاکہ ترکیہ ڈرانز کی بڑے پیمانے پر تیاری کیوجہ سے یونان کو بھی اس طرف توجہ دینے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
***روزنامہ صباح "کوسوو نے بائراکتار ٹی بی 2 وصول کرلیے "
کوسوو کے وزیر اعظم البن کرتی نے کہا ہے کہ ترکی سے خریدے گئے بائراکتار ٹی بی 2 ڈرانز ان کے ملک پہنچ گئے ہیں۔ کرتی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بائراکتار ٹی بی -2 کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "کوسوو اب اور بھی محفوظ ہے”
***روزنامہ خبر ترک : "کروز سیاحت میں نیا ریکارڈ”
ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے امور وزیر عبدالقادر اورال اولو نے کہا، "2023 کے جنوری سے جون کے 6 ماہ کے عرصے میں ہماری بندرگاہوں پرلنگرانداز ہونے والے کروز جہازوں کی تعداد 420 ہے جس میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 32.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور مسافروں کی تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 88.8 فیصد اضافہ ہوتے ہوئے یہ تعداد 482 ہزار 925 مسافروں تک پہنچ گئی ہے۔
***روزنامہ ینی شفق : "روس کو برآمدات میں اضافہ "
ترکیہ، روس کو سب سے زیادہ برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ترکیہ نے امریکہ اور یورپ کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کو اپنے لیے ایک سنہری موقع سمجھتےہوئے اپنی برآمدات میں زبردست اضافہ کرلیا ہے۔
اس سال کے پہلے چھ ماہ میں روس کو ترکیہ کی برآمدات 88.6 فیصد اضافہ ہوتے ہوئے 2 ارب 574 ملین ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 854 ملین ڈالر ہو گئی ہیں ۔
***روزنامہ حریت : "ریاضی اور بیالوجی اولمپکس میں 10 تمغے”
ترک طلباء نے جاپان میں منعقدہ بین الاقوامی ریاضی اولمپیاڈ میں 1 طلائی اور 5 چاندی کے تمغے حاصل کیے ہیں تو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے بین الاقوامی بیالوجی اولمپکس میں ترکیہ نے 3 چاندی اور 1 کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا ہے۔
