کیا آپ کو معلوم ہے کہ ترکیہ کے اہم سیاحتی مراکز میں شمار علاقے ‘بودرُم’ میں ہر سال ایک بیلے فیسٹیول منعقد ہوتا ہے اور یہ سلسلہ گذشتہ 20 سالوں سے جاری ہے؟
رواں سال 20 ویں دفعہ متوقع’ بین الاقوامی بودرم بیلے فیسٹیول’ ترکیہ کا پہلاا ور واحد بیلے فیسٹیول ہے۔ وزارت ثقافت و سیاحت کی سرکاری اوپیرا اور بیلےڈائریکٹریٹ کی طرف سے اور بودرم بلدیہ کے تعاون سے یہ میلہ ہر سال اگست کے مہینے میں بودرم قلعے کی شمالی خندق کے علاقے میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ بھی بتاتے چلیں کہ بودرم قلعہ علاقے کی علامت کی حیثیت رکھتا ہے اور موجودہ دور میں بطور زیرِ آب آرکیالوجی عجائب گھر کے استعمال کیا جا رہا ہے۔
بودرم بیلے فیسٹیول کا آغاز 2003 میں کیا گیا اور تب سے یہ میلہ ہر سال نہایت محبت اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔ فنونِ لطیفہ کے اس شائستہ اظہار یعنی’ بیلے’ کو ایسے تاریخی ماحول اور بودرم کی مالٹوں کی خوشبو سے معطر فضا میں دیکھنا ایک شاندار تجربہ ہے۔ دنیا میں ایسے میلوں کی تعداد بہت کم ہے اور ترکیہ کا بھی یہ واحد بیلے میلہ ہے۔ یہ میلہ بودرم کی رنگینیوں میں اضافہ کرتا اور ہر سال نہایت شوق اور توجہ سے دیکھا جاتا ہے۔ متعدد ممالک اور مختلف ثقافتوں سے فن کے پرستار اس میلے میں ترکیہ اور دنیا بھر کے منتخب بیلے اور جدید رقص کے نمونوں کو دیکھنے آتے ہیں۔
ترکیہ سرکاری اوپیرا اور بیلے ڈائریکٹریٹ ، بین الاقوامی بودرم بیلے فیسٹیول کے علاوہ بھی، ترکیہ کے اہم تاریخی مقامات پر معیاری میلوں کا اہتمام کرتی ہے ۔ ان میلوں کو دیکھنے کے لئے مختلف ممالک سے کثیر تعداد میں فن کے پرستار ترکیہ آتے ہیں۔ ان میلوں میں، استنبول میں، ایفیس تاریخی شہر میں اور انطالیہ کے آسپیندوس تاریخی تھیئٹر میں منعقد ہونے والے اوپیرا اور بیلے فیسٹیول شامل ہیں۔بین الاقوامی سطح پر منعقد کئے جانے والے یہ میلے عالمی مدنیت کے نقطہ آغاز یعنی ‘اناطولیہ ‘کو نئی قدر و قیمت عطا کرتے ہیں۔