English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیرملکی کوچز کو ورلڈکپ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے بھارت میں اکتوبر میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ تک غیر ملکی کوچز مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو تبدیل کرنے کا ارادہ ترک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں سابق کپتان مصباح الحق نے کہا گو کہ میں غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں لیکن اگر نجم سیٹھی نے غلط فیصلہ بھی کیا ہے تو ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق کا کہنا تھا مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو وقت ملنا چاہیے، ورلڈ کپ کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنا ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے سابق چیف سیکرٹری پنجاب اور پاکستان ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا منیجر بنانے کی تجویز نہیں ہے، نوید اکرم چیمہ نے کئی بڑے کھلاڑیوں کو ڈسپلن کا پابند بنایا اور وہ سخت رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں،تاہم کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ موجودہ ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں ہے جو منیجر یا ٹیم انتظامیہ کے لیے مسائل پیدا کرنے والا ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی اچھی کارکردگی بھی ایسے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے