English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مردم شماری میں بے ضابطگیاں: حافظ نعیم الرحمن کا وزیر اعظم کو خط

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مردم شماری میں شدید بے ضابطگیوں کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شہریف کو خط ارسال کر دیا ہے ، خط میں حافظ نعیم الرحمن نے مردم شماری میں کراچی کے تحفظات اور خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا شہر ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   اس شہر کی آبادی کو 2017 کی مردم شماری میں آدھا کر دیا گیا یعنی کراچی کی آبادی تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ دکھائی گئی۔ جبکہ 19 سال بعد2017میں  ہونے والی مردم شماری میں لاہور میں اضافے کا تناسب 113 فی صد اسلام آباد میں 90 فیصد پشاور میں 180 فیصد جبکہ کراچی میں صرف 63 فیصد دکھایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ غلط اعداد و شمار کی گواہی اس بات سے بھی ملتی ہے کہ کراچی کے بہت سے شماریاتی بلاک میں آبادی صفر یا نہ ہونے کے برابر دکھائی گئی اسی طرح 2018 ء کی انتخابی فہرستوں میں بہت سے شماریاتی بلاکس میں آبادی اور ووٹر برابر تھے یا ووٹر زیادہ اور آبادی کم جو کسی بھی طور ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ   اس نا انصانی اور دھاندلی کے باوجود اس وقت کی حکومت نے مردم شماری درست کرنے کے بجائے اُسے نوٹیفائی کر دیا۔ اب 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری سے یہ امید تھی کہ ماضی کی نا انصافیوں کی تلافی کی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  فروری 2023 میں شروع کردہ مردم شماری کے نتائج میں یکم اپریل 2023 کو کراچی کی آبادی کا تناسب منفی 26 فیصد دکھایا گیا، اس وقت محکمہ شماریات پاکستان (PBS) نے خود اس بات کا اظہار کیا کہ کراچی میں 38 ہزار کے قریب بلند عمارات میں درست خانہ شماری اور مردم شماری نہیں ہو سکی ہے اور اسے دوبارہ چیک کیا جائے گا۔ جس کے بعد آخری تعداد ایک کروڑ 92لاکھ بتائی جارہی ہے جو کسی طور درست نہیں۔ اس پوری صورتحال میں دیگر عوامل کے علاوہ حکومت سندھ کا بھی بہت منفی کردار رہا ہے وہ کسی طور نہیں چاہتی کہ کراچی کی آبادی میں درست اضافہ ریکارڈ ہو جس کی بڑی وجہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نشستوں کا تناسب ،ملازمتیں اور دیگر وسائل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے