لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ چندخاندانوں نے پوری قوم کو 75برسوں سے یرغمال بنایا ہے، خاندانوں کی حکومت رہے گی تو کرپشن ، جہالت، بے روزگاری، غربت ، مہنگائی بدامنی ختم نہیں ہوگی، انہیں ایک بار نہیں باربار موقع ملا، قوم کو ہر دفعہ دھوکا دیا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کا ہر تقریر میں سارا زور ایک موقع اور مانگنے پر ہوتا ہے، وہ اپنے صاحبزادے کے لیے بھی راستہ صاف چاہتے ہیں، ان کے بڑے بھائی اپنی بیٹی جب کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اپنے شہزادے کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کے اتحادی اقتدار کے مزید مواقع مانگنے کی بجائے اپنی 15ماہ کی کارکردگی بتائیں، قوم کو بتایا جائے انہیں بجلی کے جھٹکے کیوں دیے جارہے ہیں، پٹرول، چینی، آٹا، ادویات کیوں غریبوں کی پہنچ سے دور کردیا گیا، مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالنے والوں نے اس میں کئی گنا اضافہ کیا، آئی ایم ایف کی غلامی قبول کی، اس کے حکم پر ایک ایک دن میں بیسیوں قوانین بنائے۔
انہوں نے کہاکہ حکمران جماعتوں میں کوئی فرق نہیں، سٹیٹس کو بدلنا ہوگا۔ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک، ہم اپنے بچوں کے لیے اقتدار نہیں اسلامی فلاحی پاکستان چاہتے ہیں۔ خواتین فرسودہ نظام کے خلاف ووٹ کی طاقت سے جہاد کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران ملک کی 51فیصد آبادی پر مشتمل خواتین کو تحفظ اور حقوق دینے میں بری طرح ناکام ہو گئے، صرف پنجاب میں 3571خواتین لاپتا ہیں، انھیں بازیاب کرانا کس کی ذمہ داری ہے؟ کرونا وائرس کے دوران 11ہزار خواتین کی ہراسمنٹ اور عصمت دری کے واقعات ہوئے، لاہور کے اسپتال میں ایک معصوم بچی بے ہوش پڑی ہے، اس کی ہڈیاں توڑ دی گئیں۔

