اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روز کمی کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت سزاؤں میں کمی کی منظوری دی، جس کا اطلاق عمر قید کے مجرموں پر ہوگا۔ سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔
زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغوا اور دہشتگردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی سزاؤں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرم بھی سزاؤں میں کمی سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
سزاؤں میں کمی کا اطلاق ان مرد قیدیوں پر ہوگا جو 65 سال سے زائد عمر اور اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے۔ 60 سال سے زائد عمر کی قیدی خواتین جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ 18سال سے کم عمر افراد جو قید کی ایک تہائی سزا کاٹ چکے،ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
