کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی نظریاتی و فلاحی ریاست بنانے سے ہی ملک اور قوم کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ، دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہی برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال جدو جہد اور قربانیوں کے باعث اس مملکت خداداد پاکستان کا وجود عمل میں آیا۔
وطن عزیز مملکت خدادداد پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے حوالے سے ادارہ نور حق سے متصل نیو ایم اے جناح روڈ پر پرچم کشائی کے موقع خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسلام کے اصولوں کے مطابق مسلمانوں کو زندگی گزارنے ، اسلامی قوانین کو نافذکرنے اور پاکستان کو پوری دنیامیں ایک رول ماڈل بنانے کے لیے علیحدہ خطہ زمین حاصل کیا ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے برسوں سے ملک پر مسلط حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ نے ملک کو اس کے مقصد وجود سے دور رکھا ۔ ملک میں تباہی و بربادی اور موجودہ بدترین حالات اسی حکمران ٹولے کے پیدا کردہ ہیں جن میںسول و فوجی آمر اور حکمران دونوں شامل ہیں ۔ ان حالات سے نکلنے کے لیے اس حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرناضروری ہے اور قوم کو مایوسی کے بجائے امید کا پیغام دینے کے لیے متحد ہو کر جدو جہد کرنے کے عزم کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک افرادی قوت بالخصوص نوجوان اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اسے صرف اہل ، دیانت دار اور ملک اور قوم کا درد رکھنے والی قیادت کی ضروت ہے ۔آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیو کو بھی لازمی یاد رکھیں گے ، کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے ، آج کی تقریب ہم اہل کشمیر کے نام کرتے ہیں ،وہ بھی آج مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے
حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 76سالوں سے مسلط حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کیا اور قوم کو مایوسی اور اندھیروں میں دھکیل دیا ۔ ملک میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے نوجوان بڑی صلاحیتوں کے مالک ہیں لیکن وہ مایوس ہو کر ملک سے باہر جا رہے ہیں ، ہمیں اس ٹیلنٹ کی قدر کرنی ہو گی اور اسے مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کا پیغام دینا ہوگا اگر ہم نے اس ٹیلنٹ کی قدر نہ کی تو یہ ملک صرف طبقہ اشرافیہ کا ہی ملک رہ جائے گا کیونکہ اسی طبقے نے قوم کو تقسیم در تقسیم کر کے آپس میں گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے ۔
پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ۔ تقریب میں گولڈ میڈلسٹ عالمی شہرت یافتہ باکسر آغا کلیم ، مارشل آرٹ کے گولڈ میڈلسٹ دلاور اور رنر ایتھلیٹ شاداب نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جنہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ملک اور قوم کا نام روشن کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ ان قومی کھلاڑیوں کی مقابلوں میں شرکت کے لیے الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت سفری سہولیات و دیگر ضروریات پوری کی گئیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی ، سلامتی و استحکام اور ملک کو اس کے مقصد وجود سے ہمکنار ہونے کے لیے خصوصی دعا کی اور پُر جوش نعرے بھی لگوائے ، جن میں یہ نعرے شامل تھے ، پاکستا ن کا مطلب کیا ، لا الہ الا اللہ ، ہم سب کا رشتہ کیا ، لا الہ الا اللہ کشمیریوں سے رشتہ کیا ،لا الہ الا اللہ ۔

