English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سانحہ میمن گوٹھ: حافظ نعیم کی جاں بحق بچے کے والد سے ملاقات، کارروائی کا مطالبہ

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے امیر ضلع ایئر پورٹ توفیق الدین صدیقی،ماڈل کالونی ٹاؤن کے چیئرمین ظفراحمد خان کے ہمراہ جاموٹ محلہ،میمن گوٹھ، ملیر میں 14اگست کو جشن آزادی ریلی دیکھتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے معصوم نعمان ابڑو کے والد رحمت اللہ ابڑو سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور افسوس کا اظہار کیا، حافظ نعیم الرحمن نے جاں بحق بچے کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میمن گوٹھ میں ہونے والے افسوس ناک واقعے کی پر زور مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں واقعے کی فوری تحقیقات کی جائے اور ذمہ دار ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی گزشتہ 15سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے لیکن اس نے شہر میں وہ بنیادی کام تک نہیں کروائے جس سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے، میمن گوٹھ ڈپٹی میئر سلمان مراد کا حلقہ ہے، میئر ان کا اور بلدیاتی حکومت ان کے پاس ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   اس علاقے میں یہ سانحہ رونما ہونا پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، اس طرح کے واقعات اور دیگر علاقوں میں بھی ہوئے ہیں ،شہر میں اس وقت درجنوں کھلے مین ہول عوام کے لیے موت کے کنویں بنے ہوئے ہیں،خصوصاً ڈسٹرکٹ سینٹرل کی صورتحال انتہائی بدترہے،ایک یوسی میں 136مین ہولز ایسے ہیں جن پر ڈھکن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ویوسی چیئرمینز متعلقہ اداروں کو تحریری طور پر ڈھکن نہ ہونے کے حوالے سے مطلع کرچکے ہیں لیکن عملاً تاحال کچھ نہیں کیا گیا۔ سلمان مراد کی یوسی میں بھی علاقہ مکینوں نے کھلے مین ہولز کی شکایات کی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ مسئلہ اور رویہ صرف سلمان مراد کا نہیں بلکہ ان کی پوری پارٹی کا ہے ،جو اس نے دیہاتی علاقوں کے ساتھ روارکھا ہوا ہے ،وڈیرے دیہی علاقوں کے لوگوں کی رائے کو کچل کر ان پر حکمرانی کرتے ہیں اورانہیں حقوق نہیں دیتے، حقیقت تو یہ ہے کہ جب کسی دیہاتی کا بچہ اس طرح کے افسوس ناک واقعے میں انتقال کرجائے تو غریب دیہاتی ان وڈیروں اور جاگیرداروں کے خلاف بات بھی نہیں کرسکتا ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کی طرح شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی بدترین وڈیرہ شاہی نظام قائم ہے ، پیپلزپارٹی شہر میں بھی وڈیرہ شاہی راج قائم کرکے شہر یوں کو غلام بنانا چاہتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ یہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن و یوسیز چیئرمینوں سمیت خود اپنی پارٹی کے منتخب نمائندوں کو بھی اختیارات نہیں دے رہی ، عبوری مدت کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے