لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت پورے صوبے میں 18اگست کو جمعتہ المبارک کے روز بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عوام جب تک مہنگائی کے خلاف سٹرکوں پر نہیں نکلیں گے اس وقت تک حکومت بے حسی کا مظاہرہ کرتی رہے گی ۔ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں میں 30فیصد تک اضافہ کر دیا ہے،جس سے عوام کی مشکلات اور بڑھ گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے رخصت سے چند دن قبل بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4روپے96پیسے اضافے کے ساتھ 15روپے ریڈیو فیس کو بھی بجلی کے بلوں میں شامل کر دیا تھا۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کیا جائے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی، پروٹوکول اور سرکاری مراعات کے نام پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کر دیئے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کی بدولت صنعتی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے۔ حالیہ اضافے سے ٹیکسٹائل برا مدات میں مزید 5بلین ڈالرز کی کمی ہو گی۔ لوگوں سے روزگار چھینے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ناگزیر ہے، انتقامی کارروئیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ بر وقت عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے ۔وقت کا تقاضا ہے کہ قومی مفادات کو سیاست سے بالا تر رکھا جائے۔ اگر آج دانشمندانہ فیصلے نہ کئے گے تو حالات گھمبیر ہو سکتے ہیں۔
