اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے رواں حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ وہ سعودی وزیر خارجہ امور، داخلہ، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی، مواصلات، سیاحت سمیت دیگر ارکان کے ساتھ ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت کر رہے تھے ۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔
وزیراعظم نے رواں حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے حجاج کرام بالخصوص پاکستانی عازمین کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین کیلئے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔

