واشنگٹن: امریکا نے مودی سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی یقینی بنائی جائے۔
جی 20 اجلاس میں امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سول سوسائٹی کے خلاف اقدامات اور آزادیٔ اظہار پر قدغن کے حوالے سے معاملات پر اظہار تشویش کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں ہونے والے جی-20 ممالک کے سربراہی اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن نے بھارت میں اقلیتوں اور صحافیوں پر ہونے والی پُرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں منی پور میں ہونے والی نسلی فسادات، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور صحافیوں کی گرفتاری اور تشدد پر بات چیت کی۔
صدر جوبائیڈن نے بتایا کہ انھوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے انسانی حقوق کی فراہمی کی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ جی-20 ممالک کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں بھی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادیٔ اظہار رائے، جمہوریت، انسانی حقوق اور تمام شہریوں کے لیے مساوی مواقوں کی مشترکہ اقدار تمام ممالک کی کامیابی کے لیے اہم ہے۔
