راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 152 کلو گرام منشیات برآمد اور 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 21 کلو 600 گرام افیون برآمد ہوئی ، دوران کارروائی مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کالا شاہ کاکو کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 10 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ، برآمدہ ہیروئین گاڑی کے ٹائر (سٹپنی)میں چھپائی گئی تھی، بنوں کے رہائشی 2 ملزمان کو اس کارروائی گرفتار کیا گیا۔
لاہور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد کی گئی ، 500 گرام ہیروئن بیڈ شیٹ میں چھپا کر بحرین سمگل کی جا رہی تھی۔
کیچ اور گوادر میں دو کارروائیوں میں اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 100 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ باجوڑ اور خیبر کے قریب بھی 2 کارروائیوں کے دوران چھپائی گئی 20 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔
