اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہر طرح سے ساتھ ہے، پاکستان اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
انوارالحق کاکڑ نے وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے، جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
نگراں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار اداکرے، کشمیر دنیا کی سب سے حسین وادی ہے،کشمیریوں کی جہدوجہد میں برابر کے شریک ہیں۔

