واشنگٹن: امریکا میں پراسرار طور پر مردہ پائے گئے بھارتی طالب علموں کی تعداد گیارہ ہو گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں بھارت سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ مسلمان طالب علم محمد عرفات ایک گھر میں پراسرار طور پر مردہ پایا گیا۔
بھارتی شہر حیدر آباد سے گزشتہ سال اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا جانے والے محمد عرفات کا 7 مارچ کے بعد سے اپنے اہل خانے کے ساتھ رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ اسی دوران اس کے والد کو 19 مارچ کو ایک نامعلوم کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کو منشیات فروشی میں ملوث ایک گروپ کی جانب سے اغوا کیا گیا ہے اور اس کی رہائی کے لیے 1200 ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
اطلاع ملنے کے بعد امریکا میں محمد عرفات کی تلاش شروع کی گئی،تاہم اسی دوران اس کی ایک گھر میں کمرے سے لاش برآمد ہوئی، جس کی موت کی وجہ تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق رواں برس امریکا میں تعلیم کی غرض سے آنے والا یہ گیارہواں بھارتی طالب علم اور پہلا مسلم نوجوان ہے جس کی لاش ملی ہے اس سے قبل مارے گئے تمام طالب علم ہندو تھے۔

