English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایمیزون کے ملازمین کو اب ہفتے میں پانچ دن دفتر سے کام کرنا پڑے گا

ویب ڈیسک امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے اپنے ملازمین کے لیے کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی پالیسی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اب ملازمین کو ہفتے میں پانچ دن دفتر سے کام کرنا پڑے گا۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے پیر کو اپنے پیغام میں کہا کہ کمپنی کرونا وبا سے پہلے کی پالیسی پر واپس جا رہی ہے اور کارپوریٹ ملازمین کو اگلے سال سے ہفتے میں پانچ دن دفتر میں موجود رہنا ہو گا۔

اینڈی جیسی نے ملازمین کے ساتھ شیئر کیے گئے پیغام میں کہا کہ کمپنی کی قیادت گزشتہ کئی ماہ سے اس پر غور کر رہی تھی کہ ہم کیسے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ بہتر طریقے سے رابطے میں رہ کر کام سکتے ہیں تاکہ اپنے صارفین اور کاروبار کو مزید بہتر نتائج دے سکیں۔

سی ای او ایمیزون کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کو ایمیزون کے دفاتر میں تین کے بجائے دوبارہ پانچ دن بلایا جائے۔


واضح رہے کہ کووڈ 19 کے دوران بہت سی دیگر کمپنیوں کی طرح ایمیزون کے کارپوریٹ ملازمین نے بھی گھر سے یا ریموٹلی کام کیا تھا۔ اس دوران کمپنی نے آن لائن شاپنگ میں بڑا اضافہ دیکھا تھا۔

کمپنی کے سی ای او نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جب ہم گزشتہ پانچ برسوں کو دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ یقین ہوتا ہے کہ دفتر میں ساتھ ہونے کے فوائد زیادہ ہیں۔

ایمیزون کی جانب سے اس پیغام کو اپنی ویب سائٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی دو جنوری 2025 سے نافذ العمل ہو گی۔

اس سے قبل فروری 2023 میں ایمیزون نے تمام ملازمین کو ہفتے میں تین دن لازمی دفتر آنے کی ہدایت کی تھی۔ اس پالیسی کے خلاف ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا تھا۔


امریکی ریاست ورجینیا میں ایمیزون کے ایک مرکز پر ایک تقریب کا منظر فوٹو اےپی 15 جون 2023

امریکی ریاست ورجینیا میں ایمیزون کے ایک مرکز پر ایک تقریب کا منظر فوٹو اےپی 15 جون 2023

بعد ازاں کچھ مہینوں بعد سی ای او اینڈی جیسی نے ملازمین سے کہا تھا کہ جو اس تبدیلی سے خوش نہیں ہیں انہیں ‘اختلاف اور عزم’ رکھنے کی پالیسی کے بارے میں سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جن لوگوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا ہے "یہ شاید ان کے کام نہیں آئے گا۔”

پیر کو اپنے بیان میں سی ای او ایمیزون نے مزید کہا کہ کمپنی نے نوٹ کیا ہے کہ ملازمین جب اکٹھے ہوتے ہیں تو ان کے لیے ایمیزون کا کلچر سیکھنا، اس پر عمل کرنا، مضبوط کرنا اور سوچ بچار کرنا آسان ہوتا ہے۔

ان کے بقول گزشتہ 15 ماہ میں جب ہم نے کم از کم تین دن دفتر سے کام کیا تو اس سے دفتر سے کام کے فوائد کے بارے میں ہمارا یقین مضبوط ہو گیا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے