اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں چیف جسٹس یا ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں کی جارہی ہے اور میڈیا میں یہ اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ چیف جسٹس اور ججوں کی مدت ملازمت، اس میں توسیع اور ریٹائرمنٹ کی عمر نہیں بڑھائی جا رہی ہے، یہ سب میڈیا میں جاری قیاس آرائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آئینی ترامیم پر مولانا فضل الرحمن راضی ہو جائیں گے اور جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر تمام جماعتوں کے تعاون سے ترامیم منظور ہو جائیں گی۔ایک سوال پر عرفان صدیقی نے کہا کہ ترامیم کا باب ختم نہیں ہوا بلکہ آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)) اس عمل میں متحرک کردار ادا کر رہی ہے، بلاول زرداری کی مولانا فضل الحمان سے کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
