حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کوہ نورمیلاد مصطفی چوک پر میلاد مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظمت مصطفے ﷺ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ایمان کا تقاضہ ہے کہ حضور ﷺ سے والہانہ محبت کی جائے محبت رسول سے ہی ایمان مکمل ہوتا ہے نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے ذریعے ہی ملک کے مسائل حل اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا کیونکہ نظام مصطفے ﷺ معاشی،معاشرتی اقتصادی اخلاقی اورعوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے ختم نبوت ﷺ اور ناموس رسالت ﷺ کیلئے قوم تیار رہے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظارہے ہر وہ شخص جس نے ختم نبوت کیلیے کردار ادا کیا مبارکباد کا مستحق ہے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ہماری اور دیگر اکابرین کی تجاویز پر مختصر فیصلے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے سابقہ فیصلوں کو ختم کرنے اور ان کو بطور دلیل بھی پیش نہ کرنے اور تفصیلی فیصلہ جلد سنانے کا اعلان کیا لہٰذا ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے قوم تیار رہے اگر کسی نے بھی ختم نبوت یا ناموس رسالت کے قوانین سے چھیڑ چھاڑ کی توقوم پھر سڑکو ں پر نکلے گی قوم بیدار ہے بیرونی ایجنڈے کی کسی صورت تکمیل نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ذریعے ملک کی معیشت تباہ،خزانہ خالی اور عوام کوبدحال کردیاگیا اس کے باوجودہمارے حکمران امریکااور آئی ایم ایف کی غلامی سے نکلنے کیلیے تیار نہیں، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے بیرونی ایجنڈے پر ملک توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں بلوچستان کو ملک سے الگ کرنے کیلیے گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے ملک اور قوم کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
