English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد کی ملاقات، انتظامات تسلی بخش قرار

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے آئی سی سی ہائی سیکورٹی آفیشلز کا وفد ملاقات کررہا ہے

اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی۔آئی سی سی کے وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔آئی سی سی وفد نے کراچی اور راولپنڈی اسلام آباد کے سکیورٹی انتظامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے وفد کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔تمام ٹیموں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے۔جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل سے لطف اندوز ہونگے۔ اپ گریڈیشن کے بعد ا سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے۔ پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔وفد میں آئی سی سی کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر ، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان،سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر،براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود، ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے