English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جیکب آباد ، نئے ڈی سی کی پہلی میٹنگ، متعدد افسران نے 2سال بعد دیدار کرایا

جیکب آباد: ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر دفتر کے عملے سے اجلاس میں مخاطب ہیں

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے چارج لیتے ہی دفتر کے عملے سے میٹنگ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے ملازمین پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے ڈی ڈی ا و سے تنخواہ لینے والے ٹھل اور گڑھی خیرو میں کیا کررہے ہیں؟ دفتر میں 30 فیصد عملہ بھی نظر نہیں آیا، ڈی سی دفتر کے عملے سے ذمہ داریوں سے متعلق استفسار کیا تو متعدد لاعلم نکلے جس پر ڈی سی نے سختی سے باز پرس کی اور ملازمین کو ڈیوٹی پر پابند رہنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق ڈی سی آفس میں 98 ملازمین ہیں جن میں 9 اسسٹنٹ، 33 جونیئر کلرک، 20 نائب قاصد، 9 ڈرائیور، 8 سینئر کلرک، 3 سینئر کمپیوٹر آپریٹر، 3 جونیئر اسٹینو گرافر، 3 چوکیدار، 2 سوئیپر، 2 واٹر مین، 2 مالی،2 ٹائیپسٹ، ایک سینئر اسٹینو گرافر اور ایک دفتری شامل ہے، جبکہ ڈی سی آفس میں گڑھی خیرو کے اسسٹنٹ کمشنر کے اکائونٹ سے تنخواہ لینے والے 2 جونیئر کلرک برسوں سے کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ٹھل کے اکائونٹ سے تنخواہ لینے والا 16 گریڈ کا ملازم ڈی سی آفس میں اسٹاف افسر کے طور پر رجسٹر میں حاضری لگا رہا ہے جو غیر قانونی ہے، کیونکہ ڈی سی آفس میں اسٹاف افسر کی کوئی آسامی ہی نہیں۔ دوسری جانب ڈی سی کے اجلاس میں ایسے ملازمین بھی آئے جنہیں کبھی دفتر میں دیکھا ہی نہیں، آفس سپرنٹنڈنٹ نے 2 سال بعد دیدار کرایا، جبکہ متعدد چہرے پہلی بار اجلاس میں نظر آئے جنہیں ڈیوٹی کرنے والے بھی پہچان نہ پائے۔ ذرائع کے مطابق ڈی سی آفس اور روینیو کے متعدد ملازم ویزا پر ہیں جن کے اختیارات کوئی اور استعمال کرتا ہے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے