
بیروت /غزہ /تل ابیب /رام اللہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کے حملے کے جواب میں لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی تنصیبات پر راکٹ داغ دیے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے حزب اللہ کے راکٹ لانچر پیڈز اور دیگر اہداف پر 400 سے زاید حملے کیے گئے جن کا حزب اللہ نے بھرپور جواب دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ حزب اللہ نے اسرائیل کو بھرپور جواب دیتے ہوئے حیفہ میں رمات ڈیوڈ فوجی اڈے کونشانہ بنایا اور راکٹوں کی بارش کردی جس سے کئی مقامات پرآگ بھڑک اٹھی۔کشیدہ حالات کے پیش نظر اسرائیل نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جبکہ شمالی اسرائیل میں عوامی اجتماعات پر پابندی اور اسکولز بند کرد یے گئے۔ادھر امریکا نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں کشیدگی کی وجہ سے امریکی شہری فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں۔ اسرائیلی فوج نے عرب نیوز چینل الجزیرہ کے دفتر کو سیل کرکے دروازے پر آہنی پلیٹیں ویلڈ کردیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج الجزیرہ کا دفتر خالی کروانے کے بعد دفتر کے داخلی دروازے پر آہنی پلیٹیں ویلڈ کرگئی جن پر دفتر بند کرنے کے احکامات چسپاں ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اتوار کی صبح الجزیرہ ٹی وی کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں الجزیرہ ٹی وی کے بیورو آفس پر دھاوا بولا‘ اسرائیلی فوج کی جانب سے زبردستی چینل کے بیوروکو 45 روز کے لیے بندکرنے کاحکم دیا گیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں مزید 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطین وزارت صحت کے مطابق ہفتے کو غزہ میں الزیتون کے علاقے میں پناہ گزین اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 22 افراد شہید ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا جسے عسکریت پسند گروپ دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ادھر حماس نے اسکولوں اور دیگر شہری مقامات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے انکار کیا ہے۔حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ الزیتون کے علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے حیفہ اور دیگر شمالی علاقوں پر 24 گھنٹے میں بڑا جوابی حملہ متوقع ہے۔
