English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل کی لبنان پر خوفناک بمباری‘ خواتین‘ بچوں سمیت 274 شہید ‘ ہزار سے زاید زخمی

غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں واقع جبالیہ مہاجر بستی میں لوگ اسرائیلی حملے کے بعد تباہ شدہ عمارتوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں

بیروت /غزہ /تل ابیب /نیویارک /واشنگٹن (اے پی پی /صباح نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی لبنان میں وحشیانہ بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت400 افراد شہید اورہزارسے زاید زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسا دیے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جب کہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے صرف آدھے گھنٹے میں لبنان کے شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے جس میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔اسرائیلی چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی نے ایک پریس کانفرنس میں حزب اللہ پر مزید حملے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کے پاس ایسی صلاحیت ہے جو اس نے ابھی تک استعمال نہیں کی ہے۔ بی بی سی نے لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی ضلع نباتیہ، بنت جبیل اور مرجعون کے متعدد علاقوں کے ساتھ ساتھ مشرقی علاقوں بیکا دی بعلبیک اور ہرمیل میں اہداف کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یو ایو گیلانٹ نے لبنان میں فضائی حملے شروع کرنے سے قبل اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے گفتگو کی اور انہیں لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق جنوبی لبنان میں لوگوں کو پیر کی صبح موبائل فونز پر تحریری اور صوتی پیغامات موصول ہوئے ہیں جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان رہائشی عمارتوں سے دور رہیں جنہیں حزب اللہ ہتھیار چھپانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ لبنان کے وزیر اطلاعات زیاد ماکری نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے اسکول کی عمارت میں قائم بے گھر افراد کے مرکز پر پھر بمباری کردی‘ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 40 فلسطینی شہید اور58 زخمی ہوگئے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد41 ہزار431 اور زخمیوں کی تعداد 95ہزار 818ہوگئی ہے۔ شاتی پناہ گزین کیمپ میں واقع کفر قاسم اسکول جہاں سیکڑوں بے گھرافراد نے پناہ لے رکھی ہے پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت اللحم میں ایک لڑکی سمیت 5 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گائوں سے بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ دوسری جانب جنگ کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر چین نے اسرائیل اور لبنان میں رہنے والے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر دونوں ممالک چھوڑ کر باہر نکلیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل لبنان کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں فکر مند ہیں اور صورت حال کو بگڑنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ وہ اسرائیل اور حزب اللہ تنازع کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سخت دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کی بازیابی سے متعلق معاہدے کے طے نہ ہو پانے کے ذمہ دار حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار ہیں۔امریکی نیشنل سیکورٹی کے ترجمان جان کربی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کو کشیدگی میں اضافے سے خطے میں ہونے والے نقصان سے آگاہ کر چکے ہیں۔جان کربی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہٹ دھرمی ان کے حق میں بھی بہتر نہیں ہو سکتی‘ اسرائیلی وزیر اعظم یہودی آبادکاروں کی واپسی تک آپریشن جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ اقدام آبادکاروں کے لیے بھی نقصان دہ ہو گا۔ترجمان جان کربی نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری موجودہ کشیدگی کو انتہائی غیر معمولی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے باوجود ہم کشیدگی کا سفارتی حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز کے پھٹنے کے واقعات کے بعد اپنے اہلکاروں کے تمام مواصلاتی آلات کے معائنے اور جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے تمام کمانڈرز اور اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ مواصلاتی آلات کی سیکورٹی کلیئرنس ملنے تک ان کا استعمال نہ کریں۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ تمام مواصلاتی آلات کا معائنہ کیا جائے گا جو چین یا روس سمیت دیگر ممالک سے برآمد کیے گئے ہیں بلکہ وہ بھی جنہیں مقامی سطح پر بھی تیار کیا گیا ہو۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے 12 افراد کو حراست میں لے لیا جن پر اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کا الزام تھا۔ایرانی خبر رساں ادارے ’’فارس‘‘ کے مطابق پاسداران انقلاب کے ذرائع نے 12 افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد دشمن ملک اسرائیل کے لیے کام کرتے تھے۔ حماس کے نئے سربراہ اور اسرائیل کو انتہائی مطلوب یحییٰ السنوار کے بارے میں کئی غیر ملکی نیوز چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ غزہ میں ایک فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی عبرانی میڈیا کان پبلک براڈکاسٹر اور ہاریٹز، ماریو اور والا نیوز سائٹس سمیت متعدد غیر ملکی نیوز چینل نے غزہ میں ایک فضائی حملے میں یحییٰ السنوار کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد اسرائیلی انٹیلی جنس نے غیر ملکی میڈیا کے دعوئوں اور یحییٰ السنوار کی اپنی تنظیم حماس سے رابطہ منقطع ہونے پر تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم ابتدائی تحقیقات میں اب تک یحییٰ السنوار کے مارے جانے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔ دوسری جانب ایک اور خبر رساں ادارے شن بیٹ ایجنسی نے ذرائع سے دعویٰ کیا کہ حماس رہنما یحییٰ السنوار خیریت سے ہیں تاہم انہوں نے خود کو محفوظ بنانے کے لیے رابطے مختصر کردیے ہیں۔ بعد ازاں جنگ بندی کے لیے مذاکرات سے متعلق پیغامات جاری کرنے پر یحییٰ السنوار دوبارہ اسرائیلی ریڈار میں آگئے تھے تاہم اب متعدد روز سے وہ ریڈار سے باہر ہیں جس سے ان کے مارے جانے کا شک گہرا ہوتا جا رہا ہے۔سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ کی جولائی میں تہران میں ایک حملے میں شہادت کے بعد یحییٰ السنوار کو نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو امریکا نے مکمل جنگ کی طرف جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ مسلسل جنگ سے تنگ آئے اسرائیلی شہری اسرائیل سے جارہے ہیں‘ رواں سال کے پہلے7 مہینوں کے دوران 40 ہزار اسرائیلی ملک چھو ڑ کر دوسرے ممالک چلے گئے۔ ٹیلی ویژن چینل13کی اسرائیل کے مرکزی محکمہ شماریات کے حوالے سے نشر کردہ خبر کے مطابق2024 ء کے پہلے7 مہینے میں اسرائیلیوں کی بیرون ملک کی طرف نقل مکانی میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ امریکا نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ملک چھوڑ دیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باوجود کمرشل پروازیں دستیاب ہیں‘ امریکی شہریوں کو جو فلائٹ ملے اس کے ذریعے لبنان سے نکل جائیں۔ لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ لبنان اسرائیل کشیدگی تباہ کن ہے اور دونوں ممالک ہمہ گیر جنگ کے قریب ہیں‘ ان کا ملک اسرائیل کے ساتھ جنگ کو روکنے اور نامعلوم حالات سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ العربیہ کے ساتھ ایک گفتگو میں انہوں نے امن کے لیے سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں کے لیے اپنے ملک کے عزم کی تجدید کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بیروت علاقائی جنگ میں پھنسنے سے بچنے کے لیے رابطے کر رہا ہے‘ ان کی حکومت پوری لبنانی سرزمین پر ریاستی اختیار کو بڑھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پیجرز سے زخمی ہونے والے1600سے زاید افراد اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے