ڈھاکا: بنگلادیشی ٹیم کے آل رائونڈر و کپتان شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کا گرین سگنل مل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی لیگ کے رہنما اور آل رائونڈر پر ڈھاکا میں 23اگست کو گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا، مقتول کے والد نے شکیب الحسن پر مقامی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔دورہ پاکستان کے دوران شکیب الحسن پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ٹیم ہمراہ وطن واپس روانہ نہیں ہوئے تھے بلکہ انگلینڈ چلے گئے تھے بعدازاں بھارت کیخلاف سیریز لندن سے دہلی پہنچے اور ٹیم کو جوائن کیا۔
شکیب الحسن کے ہوم سیریز کھیلنے کے حوالے سے سربراہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ آپریشنز شہریار نفیس نے کہا کہ شکیب الحسن کا ہوم گرائونڈ میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ حکومت کی جانب سے واضح پیغام ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انجری یا خراب فارم کی وجہ سے منتخب نہ ہونا الگ چیز ہے، ویسے ان کے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ حکومتی لا ایڈ وائزر شکیب الحسن کے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

