تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان پر وحشیانہ بمباری کے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو دھمکی دی ہے کہ ہر کوئی ہمارے نشانے پر ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے آرمی ہیڈ کوارٹر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے لبنانی عوام کو وارننگ دی کہ وہ سنجیدگی سے اس صورتحال کو لیں اور فوری طور پر اپنے گھروں سے نکل جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی وزیر دفاع نے اسرائیل کو دہشت گرد قرار دے دیا
انہوں نے رہائشی علاقوں پر بمباری کا جواز پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حزب اللہ ان گھروں میں میزائل اور خودکار ہتھیار چھپاتی ہے جو اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ہماری فوج اپنی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لیے حزب اللہ کو جواب دے گی۔ لبنان کی عوام سے ہماری کوئی جنگ نہیں ہے۔ شمالی علاقوں میں سیکیورٹی اور طاقت کے توازن کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور یہ کہ اسرائیل اس عہد کو نبھا رہا ہے۔
انہوں نے اپنی فوج اور عوام کو خبردار کیا کہ حزب اللہ اس کارروائی کے جواب میں جنوبی لبنان سے حملے کر سکتی ہے اور اس کے لیے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔ اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائیں گے۔

